حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ بادل دشتی ضلع جیکب آباد کا دورہ کیا اور وہاں مسجد و امام بارگاہ کے پلاٹ کا معائنہ کیا اور مسجد و امام بارگاہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر گاؤں کے متنازع فریقین میں صلح کرائی مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی مرکزی امام بارگاہ کے متولی سید محمد علی اصغر شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر شہادت حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فرزند رسول حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو ان کے عظیم حلم و بردباری کے سبب کاظم کہا جاتا ہے آپ نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی حیات مبارکہ کا طویل ترین دورانیہ قید خانے میں گزار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شدید ترین مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں اور حکومت کے منی بجٹ اور نئے ٹیکسز نے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اگر ملک و قوم سے مخلص ہیں تو بیرون ممالک میں موجود اپنے اربوں ڈالر پاکستان میں واپس لائیں۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ عوام کو اب اپنے حقوق کے لئے اٹھنا ہوگا۔ ملک و ملت کی بربادی پر خاموشی جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ارباب اقتدار بشمول مقتدر قوتیں آئی ایم ایف کے مظالم امریکی مداخلت پٹرول بم اور مہنگائی سے عوام کی توجہ بٹانے کے لئے دانستہ طور پر وطن عزیز پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ تاکہ پاکستان کے آئندہ انتخابات غلامی نامنظور اور غربت و افلاس کے خاتمے کی بجائے فرقہ وارانہ نعروں کی گونج میں لڑے جائیں۔ اور فرقہ وارانہ ماحول کے سبب ملک و قوم کے مجرموں کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو مگر پاکستان کے عوام اپنی بیداری اور شعور سے یہ سازش بھی ناکام بنا دیں گے۔